جنرل بس سٹینڈ کی خوبصورتی و اپ گریڈیشن کا مجوزہ پلان زیر غور
بس سٹینڈ کی تزئین و آرائش کیلئے جامع اور قابل عمل پلان تیار کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی بہبود کے منصوبوں کی خوبصورتی اور بہتری کیلئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے جنرل بس سٹینڈ کی تزئین و آرائش، خوبصورتی اور اپ گریڈیشن کے مجوزہ پلان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبے کو قابل عمل بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے اور منصوبہ بندی کے تمام ضروری امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں جنرل بس سٹینڈ کی تزئین و آرائش، خوبصورتی اور ٹرانسپورٹرز و مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
چیف انجینئر فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی مہر ایوب نے جنرل بس اسٹینڈ کی خوبصورتی کے مجوزہ پلان اور ابتدائی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے منصوبے کے مجوزہ ڈیزائن اور دیگر امور پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ جنرل بس سٹینڈ کی تزئین و آرائش کا منصوبہ شہری خوبصورتی، عوامی سہولت اور جدید شہری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تیاری میں تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشاورت یقینی بنائی جائے تاکہ جامع اور قابل عمل منصوبہ تیار کیا جا سکے ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد راشد، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے عمر اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments