جڑانوالہ : 513 سرکاری دکانوں کی نیلامی پر مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام، دکانداروں کا احتجاج

جڑانوالہ : 513 سرکاری دکانوں کی نیلامی پر مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام، دکانداروں کا احتجاج

جعلی بولیوں اور مخصوص افراد کی جمع کرائی گئی سی ڈی آرز سے ہمیں حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی:دکاندار،اسسٹنٹ کمشنر نے الزامات مسترد کردیئے

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کی حدود میں سرکاری دکانوں کی نیلامی کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ دکانداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ 513 دکانوں کی نیلامی اوپن بولی کے بجائے مبینہ طور پر بند کمرے میں کی گئی جبکہ جعلی بولیوں اور مخصوص افراد کی جمع کرائی گئی سی ڈی آرز کے ذریعے دکانداروں کو حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی۔ دکانداروں نے اے سی  اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پر بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کی حدود میں مختلف بازاروں میں موجود سرکاری دکانوں کی نیلامی مقرر کی گئی تھی۔

ان میں ٹی ایم اے پلازہ جڑانوالہ کی 28، ٹاؤن روڈ نمبر ایک کی 12، ٹاؤن روڈ نمبر دو کی 12، میونسپل کمیٹی فیصل آباد روڈ کی 2، نیا بازار کی 12، مدنی بازار کی 8، ریلوے روڈ جڑانوالہ کی 18، میونسپل کمیٹی کیمپس جڑانوالہ کی 3 اور مرکزی صرافہ مارکیٹ کی 419 دکانیں شامل تھیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 513دکانوں کی نیلامی کی جانی تھی۔دکانداروں کے مطابق نیلامی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کے نام سی ڈی آرز طلب کی گئی تھیں اور اوپن نیلامی کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم دکاندار جب نیلامی کیلئے میونسپل کمیٹی پہنچے تو انہوں نے احتجاج شروع کردیا اور الزام عائد کیا کہ نیلامی کے دوران مبینہ طور پر جعلی بولیاں لگائی جا رہی ہیں،دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ضیا اللہ نے دکانداروں کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیلامی تمام قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...