جنرل ہسپتال سمن آباد میں طبی سہولیات کا فقدان
مریض کئی کئی گھنٹے انتظار کے بعد ادویات کے بغیر واپس جانے پر مجبور،رات کی شفٹ میں طبی عملے کی مبینہ غیر حاضری، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) شہریوں کو طبی سہولیات اور علاج معالجے کی خدمات فراہم کرنے کیلئے قائم گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد مبینہ طور پر انتظامی عدم توجہی اور غفلت کے باعث مسائل کا شکار ہے ۔ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی، بیرونی مریضوں کے شعبے اور دیگر وارڈز میں علاج کیلئے آنے والے مریض کئی کئی گھنٹے قطاروں میں انتظار کے باوجود مبینہ طور پر مناسب طبی سہولیات حاصل کئے بغیر واپس جانے پر مجبور ہیں۔ ہسپتال میں گزشتہ کئی ماہ سے بنیادی ادویات سمیت دیگر سہولیات کی مبینہ کمی کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق سمن آباد اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو ان کے گھروں کے قریب طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد قائم کیا گیا تھا۔ ابتدا میں ہسپتال آنے والے مریضوں کو طبی خدمات اور ادویات سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جاتی رہیں، جس سے علاقے کے شہری مستفید ہوتے رہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ہسپتال کی موجودہ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث بنیادی ادویات سمیت متعدد طبی سہولیات کی کمی سامنے آ رہی ہے۔
ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں میں رات کی شفٹ کے دوران تعینات طبی عملے کی مبینہ غیر حاضری کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جس کے باعث رات کے اوقات میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔دن کے اوقات میں بیرونی مریضوں کے شعبے میں مختلف امراض کے علاج کیلئے آنے والے شہری پہلے پرچی کیلئے طویل قطاروں میں انتظار کرتے ہیں اور بعد ازاں ڈاکٹر سے معائنہ کرانے کے باوجود انہیں مبینہ طور پر ایسی ادویات تجویز کی جاتی ہیں جو ہسپتال کی فارمیسی میں دستیاب نہیں ہوتیں۔
شہریوں کے مطابق فارمیسی میں چند سستی ادویات کے علاوہ دیگر ضروری ادویات دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیں نجی میڈیکل اسٹورز سے مہنگے داموں ادویات خریدنا پڑتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکام کو متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود ہسپتال کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کی انتظامی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ بنیادی ادویات، طبی عملے اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو ان کے قریب بہتر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments