ناقص صفائی پر ڈپٹی کمشنر برہم، ایریا انچارج تبدیل کرنیکا حکم

 ناقص صفائی پر ڈپٹی کمشنر برہم، ایریا انچارج تبدیل کرنیکا حکم

عائشہ رضوان کی لاہور روڈ کی خوبصورتی، صفائی اور نکاسی آب بہتر بنانیکی ہدایت

چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، سیوریج، ڈرین نالوں کی صفائی اور خوبصورتی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مینجر ستھرا پنجاب حمزہ امجد اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عارف کے ہمراہ سوئی گیس روڈ اور محلہ دلخوشاب کا دورہ کیا اور علاقے میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔صفائی کے انتظامات تسلی بخش نہ ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایریا انچارج کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر یکساں اور معیاری صفائی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو دو روز کے اندر سوئی گیس روڈ، محلہ دلخوشاب اور ملحقہ علاقوں کی مکمل صفائی، سیوریج کے کھڑے پانی کی نکاسی، ڈرین نالوں کی صفائی اور دیگر ضروری امور بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے ۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب کے ایریا انچارج کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے نظام میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام علاقوں میں صفائی کا یکساں معیار برقرار رکھنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایکسین ہائی ویز محمد احمد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عارف اور مینجر ستھرا پنجاب حمزہ امجد کے ہمراہ لاہور روڈ کا بھی دورہ کیا اور سڑک پر جاری خوبصورتی کے کام، صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو لاہور روڈ پر خوبصورتی کے کام کو مزید بہتر بنانے ، شجرکاری کو فروغ دینے ، ڈرین نالوں کی مکمل صفائی، صفائی ستھرائی اور بارشی و سیوریج کے پانی کی مؤثر نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے سڑک کے دونوں اطراف موجود تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے بھی فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا، خوبصورت اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...