ٹھیکری والا:خاتون کے اندھے قتل کا سراغ مل گیا، شوہر گرفتار
عارف نے دوسری شادی کی خواہش پر بیوی کو مارکر واردات کا ڈرامہ رچا یاتھا
ٹھیکری والا،فیصل آباد (نمائندہ دنیا، سٹی رپورٹر) ٹھیکری والا پولیس نے خاتون کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، مقتولہ کا شوہر ہی قتل میں ملوث نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکری والا کے علاقے میں چند روز قبل سمیرا بی بی نامی خاتون کی فائرنگ سے موت واقع ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سعید احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مختلف پہلوؤں سے واقعہ کی تفتیش کی۔ اس دوران مقتولہ کے شوہر عارف کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو ملزم نے دوران تفتیش اپنی اہلیہ کے قتل کا اعتراف کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے دوسری شادی کرنے کے لیے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ سمیرا بی بی کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور لاش فصلوں میں پھینک کر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کا ڈرامہ رچایا۔ پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments