فیصل آباد میں سنگین جرائم کے 11 ہزار سے زائد ملزم گرفتار
رواں سال قتل، ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت مختلف مقدمات میں کارروائیاں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پولیس نے رواں سال سنگین نوعیت کے 8 ہزار سے زائد مقدمات میں 11 ہزار سے زائد ملزموں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی جدید پولیسنگ حکمت عملی کے نتیجے میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی اور مویشی چوری سمیت مختلف سنگین جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ ہونے کی اطلاع دی گئی ہے ۔پولیس کے مطابق قتل کے مقدمات میں 400 اور اقدام قتل کے مقدمات میں 640 ملزم گرفتار کیے گئے ۔ ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں 3,326 ملزموں کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا گیا، جبکہ موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کے واقعات میں ملوث 2,212 ملزموں کو حراست میں لیا گیا۔اسی طرح چوری، نقب زنی اور مویشی چوری کے مقدمات میں 4,448 ملزمان گرفتار کیے گئے ، جبکہ گاڑیاں چوری کرنے یا چھیننے کے مقدمات میں 20 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی یا راہزنی کے دوران قتل کے مقدمات میں 25 ملزموں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق دیگر سنگین مقدمات میں بھی کارروائیاں کرکے متعدد کیسز نمٹائے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments