ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت، چالان کے بعد اہلکاروں کے ڈیوٹی سے غائب ہونے کی شکایات
بعض اہلکار ڈیوٹی کے دوران محفوظ مقامات پر آرام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، ناکہ بندی کے دوران شہریوں کو روک کر بلاجواز اور بھاری جرمانے کر نے کی شکایات ، الزامات کی تحقیقات کرائی جائیں:شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک کو منظم اور محفوظ بنانے کے بجائے مبینہ طور پر بلاجواز چالان کرنے اور بعد ازاں ڈیوٹی سے غائب ہو جانے کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔ شہریوں کے مطابق بعض اہلکار ڈیوٹی کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر محفوظ مقامات پر آرام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے بھی ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کی شکایات ہیں۔شہر کے علاقے ڈی ٹائپ کالونی چوک میں تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کے حوالے سے بھی شکایات سامنے آئی ہیں۔
اہلکار صبح کے اوقات میں مین سمندری روڈ پر ناکہ بندی کرکے آنے جانے والے شہریوں کو روک کر مبینہ طور پر بلاجواز اور بھاری جرمانے کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض اوقات ناکہ بندی کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے ، جس سے سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ طور پر چالانوں کا ہدف پورا کرنے کے بعد بعض اہلکار ڈیوٹی پوائنٹ چھوڑ کر چوک میں قائم ڈیری فارمز کی دکانوں پر چلے جاتے ہیں، جہاں چارپائیوں پر آرام کرتے ہیں۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دورانِ ڈیوٹی غفلت برتنے اور بلاجواز چالان کرنے کے الزامات کی تحقیقات کرائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments