ٹوبہ: پارکوں کے جھولے، بینچ 3 ماہ میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، فیملیز کو ہراساں کرنے کی بھی شکایات
جھولوں اور بینچوں کی مرمت کرائی جائے ، منصوبوں کے معیار کی شفاف جانچ پڑتال کی جائے اور پارکوں میں صفائی، دیکھ بھال اور حفاظتی انتظامات بہتر بنائے جائیں،فیملیز کو ہراساں کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے :شہری
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر میں خوب صورتی کے منصوبوں کے تحت پارکوں کی تزئین و آرائش پر خطیر رقم خرچ کیے جانے کے باوجود مختلف پارکوں میں نصب جھولے اور بینچ محض تین ماہ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں، جبکہ پارکوں میں آنے والی فیملیز کو نوجوانوں کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور آوازیں کسنے کی شکایات بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف پارکوں کو خوب صورت بنانے ، شہریوں کو صحت مند تفریحی سہولیات فراہم کرنے اور خاندانوں کے لیے خوش گوار ماحول مہیا کرنے کے لیے تزئین و آرائش کے منصوبے شروع کیے گئے تھے ۔ تاہم شہریوں کے مطابق منصوبوں کی تکمیل کے چند ماہ بعد ہی بعض سہولیات ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں، پارکوں میں نصب جھولوں اور بینچوں کا صرف تین ماہ میں خراب ہو جانا تشویش ناک ہے ۔ دوسری جانب مختلف پارکوں میں آنے والی فیملیز کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے ، خواتین پر آوازیں کسنے اور نامناسب رویے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹوٹے ہوئے جھولوں اور بینچوں کی فوری مرمت کرائی جائے ، منصوبوں کے معیار کی شفاف جانچ پڑتال کی جائے اور پارکوں میں صفائی، دیکھ بھال اور حفاظتی انتظامات بہتر بنائے جائیں۔فیملیز کو ہراساں کرنے اور خواتین پر آوازیں کسنے کی شکایات کا نوٹس لے کر ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کیمطابق کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments