حسین آباد اور عباس پور میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم
عباس پور میں صفائی کے ناقص انتظامات، نالیاں اور نکاسی آب کا واحد نالہ بند
پینسرہ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل 144 کی آبادی حسین آباد اور چک نمبر 245 ر ب عباس پور میں نکاسی آب کی صورتحال سنگین ہو گئی۔ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث گلی محلوں کی نالیاں اور نکاسی آب کا واحد نالہ بند ہو گیا، جس کے نتیجے میں گندا پانی گلیوں سے نکل کر رنگ روڈ بائی پاس پر جمع ہونے لگا۔ مسجد کے سامنے پانی کھڑا ہونے سے نمازیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔علاقے میں نکاسی آب کے نظام کی بدحالی نے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر کر دی ہے ۔ گلیوں اور سڑکوں پر جمع گندا پانی نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بن رہا ہے بلکہ تعفن پھیلنے اور مختلف بیماریوں کے خدشات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کو بھی پانی سے گزرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر نالیوں کی باقاعدگی سے صفائی اور بند نالے کی بحالی پر توجہ دی جاتی تو صورتحال اس حد تک خراب نہ ہوتی۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور متعلقہ صفائی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ حسین آباد اور چک نمبر 245 ر ب عباس پور میں فوری صفائی آپریشن کیا جائے ، بند نالیوں اور نکاسی آب کے واحد نالے کو کھولا جائے اور رنگ روڈ بائی پاس سمیت مسجد کے سامنے جمع پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments