لائلپور میوزیم میں 1896ء کے تحصیل آفس کا تاریخی کارنر قائم

 لائلپور میوزیم میں 1896ء کے تحصیل آفس کا تاریخی کارنر قائم

کمشنر اور سری لنکن ہائی کمشنر نے تاریخی کارنر کا دورہ کیا، دفتری اشیاء دیکھیں اور اقدام کو سراہا

 فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری میں 1896ء کا تحصیل لائلپور آفس قائم کر دیا گیا ہے ، جہاں تحصیل کے پہلے کلونائزیشن آفیسر کیپٹن پوفم ینگ کے زیرِ استعمال دفتری اشیاء پر مشتمل آفس کو وزیٹرز کے لیے باقاعدہ کھول دیا گیا ہے ۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینی وائی ریتھنی اور ان کی ٹیم کے ہمراہ لائلپور میوزیم میں قائم تاریخی کارنر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے ۔ سری لنکن ہائی کمشنر کو میوزیم میں 1896ء کے لائلپور تحصیل کے پہلے آفس کی تزئین و آرائش کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی، جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لائلپور میوزیم کا دوبارہ تفصیلی دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

کمشنر فیصل آباد نے سری لنکن ہائی کمشنر کو موقع کی مناسبت سے گھنٹہ گھر کا تاریخی ماڈل بھی پیش کیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے 1896ء کے آفس میں موجود تاریخی دفتری اشیاء کا معائنہ کیا اور کمشنر فیصل آباد کے اقدام کو سراہا۔ اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد نے کمشنر فیصل آباد اور سری لنکن ہائی کمشنر کو میوزیم میں قائم کیے گئے کارنر کی تزئین و آرائش کے مراحل سے آگاہ کیا۔ کمشنر فیصل آباد اور سری لنکن ہائی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر جنرل کی سربراہی میں میوزیم کی پہلی گیلری کو 1896ء کے دور کی عکاسی میں ڈھالنے کے اقدام کی تعریف کی۔ کمشنر فیصل آباد نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اہلیانِ فیصل آباد کو ان کی تاریخ، ثقافت اور قدیم تہذیب سے جوڑنے کے حوالے سے ایک اہم دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1896ء میں لائلپور تحصیل کا قیام عمل میں آیا تھا اور اسی تاریخی پس منظر میں میوزیم میں اس دور کے کلونائزیشن آفیسر کے دفتر کا کارنر قائم کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...