پیرمحل کے قبرستان بنیادی سہولیات سے محروم،شہری پریشان
لوئر کالونی کے قدیم قبرستان کی چاردیواری اور جنازہ گاہ تعمیر کرنے کا مطالبہ
پیرمحل (نمائندہ دنیا )حکومت پنجاب کی جانب سے قبرستانوں کی بنیادی ضروریات، جن میں چاردیواری، پانی کی فراہمی، لائٹس، جنازہ گاہوں کی تعمیر، سیوریج کی درستگی اور اندرونی راستوں کی تعمیر شامل ہے ، کے لیے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو جاری کیے گئے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کے فنڈز کے استعمال پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ پیرمحل کے مختلف قبرستان تاحال بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فنڈز کے استعمال کی تحقیقات اور ترقیاتی کام فوری مکمل کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔پیرمحل میں مہرآباد قبرستان، لوئر کالونی قبرستان، خانجوان پلاٹ، سی چک نمبر 673 گ ب سمیت ہرچوک کے چھوٹے بڑے قبرستان عرصہ دراز سے عدم توجہی کا شکار ہیں۔
جہاں مناسب دیکھ بھال اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث قبریں خستہ حالی کا شکار ہو رہی ہیں۔سماجی و سیاسی شخصیات نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے جاری کیے گئے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کے فنڈز میں سے تحصیل پیرمحل کے لوئر کالونی کے قدیم قبرستان کی فوری چاردیواری اور جنازہ گاہ تعمیر کی جائے ، قبضہ مافیا سے قبرستان کی اراضی واگزار کروا کر قبروں کی بے حرمتی روکی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments