پاکستان بحرانستان بن چکا ، ہر شعبہ بحران کا شکار:سراج الحق
عوام کو پہلے روٹی اور کپڑا ملنا چاہیے :تقریبِ حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت بحرانستان بن چکا ہے ، تعلیم، پٹرول، ایل پی جی، گیس اور تجارت سمیت ہر شعبہ بحران کا شکار ہے ، عوام کو پہلے روٹی اور کپڑا ملنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنیوٹ میں نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی نظام کا نفاذ چاہتی ہے ، کیونکہ اسلام صرف عبادات کا نام نہیں بلکہ ایک جامع نظامِ زندگی ہے۔
جس میں معیشت، معاشرت، حکومت، عدل اور انسانی ضروریات کے حل سمیت زندگی کے تمام شعبوں کے لیے رہنمائی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل کلمہ طیبہ ‘‘لا الٰہ الا اللہ’’ کے نظام کے نفاذ میں ہے ۔سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت عوام کو تعلیم، روزگار، علاج اور بنیادی ضروریات کے مسائل درپیش ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments