50 فیصد سے زائد ٹیکسٹائل انڈسٹری اور پاور لومز بند
بجلی، گیس اور مہنگائی کے بوجھ نے عوام کی قوتِ خرید ختم کر دی: اعجاز چودھری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کا بحران کب حل ہوگا؟ غریب عوام پر معاشی بوجھ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے ، جبکہ سفید پوش گھرانوں کی قوتِ خرید جواب دے چکی ہے ۔ تعلیمی اخراجات برداشت کرنا اور علاج معالجے کے لیے ادویات خریدنا عام آدمی کے لیے مشکل ترین ہو چکا ہے ۔ پاکستانی مانچسٹر فیصل آباد میں 50 فیصد سے زائد ٹیکسٹائل صنعتی ادارے اور پاور لومز فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں، معاشی بدحالی عروج پر ہے اور محنت کشوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور غربت کے باعث ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
ریاست پاکستان غریب عوام کے لیے ماں کا کردار کب ادا کرے گی؟ جب مخلوق ہی مٹ جائے گی تو انصاف کس کے لیے ہوگا؟ آج عوام پر سب سے بڑا بوجھ بیوروکریسی کے اخراجات، منہ زور اشرافیہ اور حکمران طبقے کا ہے ۔ چند لوگ اس ملک کے وسائل سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ عام آدمی بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے بھی پریشان ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 99 کے مختلف چکوک کے رہائشیوں اور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد اعجاز چوہدری نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں اور بے لگام مہنگائی نے ملک کے کسان کو کنگال، محنت کش مزدور کو پریشان اور عام آدمی کو بدحال کر دیا ہے ۔ صنعتیں چلیں گی تو معیشت میں بہتری آئے گی۔ سوئی گیس، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کیے بغیر ملکی معیشت کو بہتر بنانا ممکن نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments