نئے ٹی اے ایس آئیز کو دیانتداری سے فرائض ادائیگی کی ہدایت
محکمہ پولیس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کی گنجائش نہیں:طارق ملک
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن محمد طارق ملک نے پروبیشنل کورس مکمل کرکے آنے والے نئے ٹی اے ایس آئیز کے ساتھ ریجنل آفس میں میٹنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے کورس کی کامیاب تکمیل پر افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جانفشانی، دیانت داری اور خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں گے ۔ایس پی محمد طارق ملک نے افسران کو ہدایت کی کہ دورانِ ڈیوٹی قانون کی بالادستی، میرٹ اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کرپشن اور بدعنوانی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ غیر مناسب رویے کی کوئی گنجائش نہیں۔ تمام افسران اپنے فرائض ایمانداری، فرض شناسی اور مکمل ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس کا بنیادی مقصد شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور انہیں بروقت مدد پہنچانا ہے ۔ دورانِ پٹرولنگ شہریوں کی مدد، فوری رسپانس اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے ۔ایس پی محمد طارق ملک نے جرائم کی روک تھام اور کنٹرول کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں پر مؤثر پٹرولنگ، جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے اور مشکوک گاڑیوں و افراد کی چیکنگ یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments