زیادتی کے جھوٹے مقدمات ،متعدد افراد کیخلاف کارروائی

 زیادتی کے جھوٹے مقدمات ،متعدد افراد کیخلاف کارروائی

تین تھانوں میں نئے مقدمات ، شہریوں کو بلیک میل کرکے رقم بٹورنے کا الزام

ملتان (کرائم رپورٹر) ملتان پولیس نے جنسی زیادتی اور زیادتی کی کوشش کے جھوٹے مقدمات درج کرانے کے الزام میں تین خواتین سمیت مدعیان اور گواہان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔ تھانہ قادرپورراں، تھانہ مظفرآباد اور تھانہ دولت گیٹ میں پہلے سے درج تین مقدمات میں الزامات جھوٹے ثابت ہونے پر نئے مقدمات درج کر لیے گئے ۔پولیس کے مطابق تھانہ قادرپورراں میں مقدمہ نمبر 585/25 کے تحت محسن ولد اسلم پر زیادتی کی کوشش کا جھوٹا الزام لگانے کے معاملے میں مدعی محمد امجد اور گواہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

اسی طرح تھانہ مظفرآباد میں مقدمہ نمبر 1036/25 میں جنسی زیادتی کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے پر مدعیہ ثمینہ بی بی اور گواہان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ تھانہ دولت گیٹ میں مقدمہ نمبر 480/25 کے تحت ناصر ولد ظہیر احمد پر زیادتی کی کوشش کا جھوٹا الزام لگانے کے معاملے میں مدعیہ صبا اور گواہان کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق جھوٹے مقدمات کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے اور ان سے رقم بٹورنے میں ملوث افراد کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ 2021ء اور تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی جیسے سنگین الزامات کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...