ٹوبہ :زہریلا دھواں چھوڑنے والے بھٹے شہریوں کیلئے خطرہ

 ٹوبہ :زہریلا دھواں چھوڑنے والے بھٹے شہریوں کیلئے خطرہ

بعض بھٹہ مالکان زگ زیگ ٹیکنالوجی کے مطابق اینٹوں کی بھرائی نہیں کرتے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر دنیا) محکمہ ماحولیات کی مبینہ غفلت اور چشم پوشی کے باعث ضلع بھر میں پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے اینٹوں کے درجنوں بھٹے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا سبب بننے لگے ۔ ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں 200 سے زائد اینٹوں کے بھٹے قائم ہیں، جن میں سے صرف 15 بھٹے مکمل طور پر زگ زیگ ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں جبکہ باقی بھٹوں پر مبینہ طور پر صرف بلور نصب کیے گئے ہیں۔مزدوری اور اخراجات میں اضافے کے باعث بعض بھٹہ مالکان زگ زیگ ٹیکنالوجی کے مقررہ طریقہ کار کے مطابق اینٹوں کی بھرائی نہیں کرتے ، جس کے نتیجے میں بھٹوں میں آگ جلانے کے لیے استعمال ہونے والے پرانے ٹائر، جوتے ، ربڑ اور دیگر ناکارہ اشیاء سے زہریلا دھواں خارج ہو رہا ہے۔

زہریلے دھویں کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہونے کے ساتھ سموگ کی شدت بھی بڑھ رہی ہے ، جبکہ شہری سانس، پھیپھڑوں، دمہ اور آنکھوں کی مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ ماحولیات کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کروانے اور جرمانے عائد کرنے کی کارروائیاں کرتی ہیں۔ تاہم حکومتی سخت ہدایات اور اقدامات کے باوجود بعض بھٹوں سے مبینہ طور پر زہریلے دھویں کا اخراج بدستور جاری ہے ۔عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...