ایک دن کی کمشنر ، سرکاری پروٹوکول میں مختلف دفاتر اور ترقیاتی منصوبوں کے دورے
رامین فاطمہ نے مصروف دن گزارا،سمندری میں اساتذہ اور طالبات سے ملاقات، اجلاس کی صدارت ، مختلف افسران سے محکمانہ امور کے حوالے سے بریفنگ لی ،لائلپور میوزیم ،سیف سٹی کا دورہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایک دن کی کمشنر فیصل آباد ڈویژن رامین فاطمہ نے اپنے اعزاز میں مصروف دن گزارا۔ انہیں سرکاری گاڑی میں ان کی رہائش گاہ سمندری سٹی سے ڈویژنل پبلک سکول (ڈی پی ایس) سمندری کیمپس پہنچایا گیا، کمشنر نے سکول میں اساتذہ اور طالبات سے ملاقات کی۔سکول کے احاطے میں پودا بھی لگایا ۔بعدازاں ایک دن کی کمشنر آفس پہنچیں تو ڈاکٹر عمران حامد شیخ، آر پی او انعام الرحمن اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ان کا استقبال کیا۔ رامین فاطمہ نے کمشنر کمپلیکس کے احاطے میں پودا لگایا اور میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ سخت مقابلے کے بعد ایک دن کی کمشنر منتخب ہونے پر وہ اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہیں۔
کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں انتظامی امور سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے ایک دن کا کمشنر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ڈویژنل انچارجز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایک دن کی کمشنر نے محکمانہ امور کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔ کمشنر فیصل آباد نے رامین فاطمہ کو کمشنر آفس کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ،سول ڈیفنس رضاکار کا لیٹر بھی دیا گیا۔ انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسی کے دفتر کا دورہ کیا، رامین فاطمہ لائلپور میوزیم بھی گئیں،کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن کے کام کا جائزہ لیا بعدازاں میونسپل کارپوریشن پہنچنے پر سابقہ ایک دن کی ڈپٹی کمشنر مروا بسرا نے ان کا استقبال کیا۔ رامین نے سیف سٹی فیصل آباد (پی پی آئی سی تھری) سنٹر کا خصوصی دورہ بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments