ون ویلنگ کرنیوالے گروہ کیخلاف کریک ڈاؤن، مقدمہ درج
موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل ،اینٹی ون ویلنگ سکواڈز تشکیل ، سادہ لباس اہلکار تعینات
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد اور سٹی پولیس آفیسر کی ہدایات پر چیف ٹریفک آفیسر کی نگرانی میں ون ویلنگ کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکے قائم کرنے کے ساتھ اینٹی ون ویلنگ سکواڈز تشکیل دیئے گئے ہیں جبکہ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ون ویلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث گروہ کے خلاف تھانہ منصور آباد میں مقدمہ درج کروادیا۔ کارروائی ٹریفک وارڈن شاہد محمود، انچارج ٹریفک سیکٹر کینال روڈ، کی مدعیت میں عمل میں لائی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ گروہ دوسرے شہروں سے ون ویلرز کو فیصل آباد بلا کر کینال روڈ اور ایکسپریس وے پر ون ویلنگ اور خطرناک موٹر سائیکلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ کارروائی کے دوران حاصل کیے گئے موبائل فونز کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے ، جس کی جانچ پڑتال کے ذریعے مزید ون ویلرز کی شناخت کی جارہی ہے ۔ شواہد کی روشنی میں دیگر ملوث افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ون ویلنگ ایک خطرناک عمل ہے ، جس سے نوجوانوں سمیت دیگر شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑسکتی ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ جیسی خطرناک سرگرمیوں سے دور رکھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments