اہم شاہرائوں ، چوراہوں کی ری ڈیزائننگ کا فیصلہ
اہم شاہرائوں ، چوراہوں کی ری ڈیزائننگ کا فیصلہ متعلقہ محکموں کو جامع جائزہ لینے اور ٹریفک مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کرنیکی ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے شہر کی مصروف شاہرات اور اہم چوراہوں کی ری ڈیزائننگ و ری ماڈلنگ کے لیے متعلقہ محکموں کو جامع جائزہ لینے اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے اطراف ٹریفک کے دباؤ، موسم سرما میں دھند اور کرشنگ سیزن کے پیش نظر سڑکوں کو محفوظ بنانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر سعید اختر اور ایم ڈی واسا ابوبکر عمران سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہرات، چوراہوں، یونیورسٹیوں، کالجوں، سکولوں اور دیگر سرکاری و نجی اداروں کے اطراف ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ان مقامات کی نشاندہی کی جائے۔
جہاں سڑکوں کی ری ڈیزائننگ، ری ماڈلنگ، ٹریفک انجینئرنگ یا اضافی حفاظتی انتظامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اوقات میں ٹریفک کے غیر معمولی رش اور موسم سرما میں دھند کے پیش نظر شاہرات اور اہم چوراہوں پر مناسب سائن بورڈز، ریفلیکٹرز اور دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کرشنگ سیزن کے آغاز کے پیش نظر متعلقہ ملز انتظامیہ کے تعاون سے ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں پر ریفلیکٹرز لگوانے ، ڈبل ٹرالیوں کی آمدورفت پر پابندی یقینی بنانے اور ڈمپرز سمیت ہیوی ٹرانسپورٹ کی فٹنس چیک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں پر صرف فٹنس سرٹیفکیٹ کی حامل گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کے استعمال پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔ انہوں نے ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ شہر میں جاری ترقیاتی اور سیوریج منصوبوں کے دوران سڑکوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنائی جائے ۔ مزید برآں واسا، پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ اداروں کے مین ہولز کا شہر بھر میں سروے کرکے کھلے یا غیر محفوظ مین ہولز کی نشاندہی اور انہیں فوری کور کرانے کے اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے سے سڑکوں کی بہتری اور ٹریفک نظام کو محفوظ و منظم بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments