ویمن پروٹیکشن سنٹر کے معاون عملے کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد
شرکا کو صنفی بنیادوں پر تشدد اورمتاثرہ خواتین کو درپیش مسائل بارے میں آگاہ کیاگیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کے سلسلے میں ویمن پروٹیکشن سنٹرفیصل آباد کے معاون عملے کے لیے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن ویمن پروٹیکشن سینٹر کے لاء آفیسر زاہد علی شاکر نے جائیکا کے آشا پراجیکٹ کے اشتراک سے منعقد کیا، جبکہ اس کی نگرانی ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر کنول شہزادی نے کی۔تربیتی سیشن کے دوران شرکاء کو صنفی بنیادوں پر تشدد کی مختلف اقسام اور تشدد کا شکار خواتین کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر متاثرہ خواتین سے گفتگو کے دوران مناسب رویے اور پیشہ ورانہ برتاؤ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی، جبکہ حساسیت، احترام، ہمدردی اور رازداری کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔شرکاء کی عملی تربیت اور تشدد سے متاثرہ خواتین کو بہتر معاونت فراہم کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے متعلقہ کیس اسٹڈیز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ویمن پروٹیکشن سینٹر کے تمام معاون عملے نے سیشن میں شرکت کی۔ تربیت کا مقصد عملے کی آگاہی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا تاکہ مرکز سے رجوع کرنے والی خواتین کو باعزت، حساس اور ان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاونت فراہم کی جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments