لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر، نامور شعرا و ادبا کی شرکت
آخری سیشن میں ملکہ ترنم نورجہاں کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)بارہواں دو روزہ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم، آرٹس کونسل میں اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول میں ملک بھر سے نامور شعرا، ادبا اور نثر نگاروں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر کشور ناہید، افتخار عارف اور نورالہدیٰ شاہ نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ ‘‘پاکستان کے فنونِ لطیفہ اور تہذیبی ورثے ’’ کے موضوع پر ساجدہ حیدر وندل نے کلیدی خطبہ دیا، جبکہ ‘‘ادب میں انسانی حقوق کی بازیافت’’ کے عنوان پر حارث خلیق نے اظہارِ خیال کیا۔ افتتاحی سیشن میں سارہ حیات نے اظہارِ تشکر کیا اور شیبا عالم نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
فیسٹیول کے پہلے روز چار جبکہ دوسرے روز دس سیشن منعقد ہوئے ۔کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا مسلسل انعقاد اس بات کا اعتراف ہے کہ فیصل آباد ملک کے بڑے شہروں کے ادبی منظرنامے میں نمایاں مقام رکھتا ہے ۔ لائلپور ادبی تاریخ کا وارث ہے اور اس نے ادبی افق پر بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے بھی اظہارخیال کیا۔ فیسٹیول کے آخری سیشن میں ملکہ ترنم نورجہاں کی لازوال فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments