جامعہ گجرات :نئے طلبہ کے اعزازمیں‘‘وائٹ کوٹ ’’تقریب
نواز شریف میڈیکل کالج کی نئی عمارات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں:پر نسپل
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار)جامعہ گجرات کے نواز شریف میڈیکل کالج کے زیر اہتمام نئے داخل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں تعارفی تقریب کا انعقاد ہوا۔ سال اوّل کے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں‘‘وائٹ کوٹ تقریب’’ سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال گِل نے کہا کہ عالمی وبائی صورتحال میں ڈاکٹر کیمونٹی نوع انسانی کی بقا و حفاظت کی پاسبان ہے ، مسیحائی عظیم انسانی خدمت ہے ،معاشرے کو مثبت رویہ کے حامل بہترین ڈاکٹروں کی اشد ضرورت ہے ، جذ بہ برداشت عملی و حقیقی زندگی کا روح رواں ہے ۔ ڈاکٹر ظفر اقبال گِل نے بتایا کہ نواز شریف میڈیکل کالج کی نئی عمارات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور جلد میڈیکل کے تمام شعبہ جات کی کلاسوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔ وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عابد نذیر نے کالج کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ2009میں اپنے قیام سے لے کر اب تک NSMCعزم و استقلال اور کامیابی کی ایک نمایاں داستان ہے ،اساتذہ اپنی بھرپور کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر سال قوم کو ڈاکٹروں کا تحفہ پیش کرتے ہیں، معاشرہ شعبہ طب کے طلبہ سے غیر معمولی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہے ۔ ڈاکٹر شائستہ وحیدنے سال اوّل کے تمام طلبہ سے پیشہ وارانہ حلف لیا۔