سیالکوٹ:کلین گرین پاکستان کے دوسرے مرحلے کا آغاز
عوامی کے بغیر صحت مند ماحول کو پروان چڑھانا ممکن نہیں:محمد اخلاق ، عثمان ڈار
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع سیالکوٹ میں کلین گرین پاکستان انڈیکس کے دوسرے مرحلے کی لانچنگ تقریب سیالکوٹ برقلعہ پر منعقد ہوئی ، صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق، مرکزی رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار اور ڈپٹی کمشنر میر محمد نواز نے شرکت کی ۔ صوبائی وزیر چودھری اخلاق اور عثمان ڈار نے کلین گرین پاکستان انڈیکس کے پہلے فیز میں بہترین کاکرکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سی او ایم سی ایس فیصل شہزاد، چیئرمین پی ایچ اے ذوالفقار بھٹی، سی ایس آئی مستنصر عباس، کلین گرین پاکستان انڈیکس چیمپئن 2020 اشفاق نذر گھمن اور ایس ڈبلیو ایم سی کے ایم ڈی فاروق صادق سمیت دیگر افراد میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ چودھری اخلاق اور عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کلین گرین پاکستان انڈیکس کی افادیت اور اہمیت پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ سرکاری محکموں کے اندر گرین انڈیکس کے مطابق بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ضرورت اس امر کی کہ عوام میں شعور اجاگر کیا جائے کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر صحت مند ماحول کو پروان چڑھانا ممکن نہیں ۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شرکا کو بتایا کہ سیالکوٹ میں کلین گرین انڈیکس کے پہلے مرحلے میں سن آف سیالکوٹ کے تعاون سے ایک کروڑ 50لاکھ روپے کی لاگت سے شہر کے متعدد چوکوں اور چوراہوں میں خوبصورت یادگاروں کو تعمیر کیا جس میں ایک روپیہ بھی کارپوریشن کا خرچ نہیں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر میر محمد نواز نے کہا کہ سیالکوٹ کلین گرین پاکستان انڈیکس میں پہلی پوزیشن حاصل کرے گا ۔