گراں فروشوں ،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کا رروائی کا حکم
صوبائی وزیر چودھری اخلاق اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا رمضان بازاروںکا دورہ
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر )صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے سستے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے ، رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیر ، اشیا خور و نوش کے معیار اور قیمتوں کی پڑتال کی اور خریداروں سے ملنے والی سہولیات کے معیار کی بابت استفسار کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف،چودھری الیاس، جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران شیخ جاوید حیدر، ذکی چیمہ اور سلیمان طاہر سمیت متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عوام کوماہ صیام کے دوران آٹا اور چینی سمیت معیار ی اشیا خور ونوش رعایتی داموں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع میں 8سستے رمضان بازارلگائے گئے ہیں، تمام سستے رمضان بازاروں میں مارکیٹ کمیٹیوں کی زیر نگرانی تازہ سبزیوں اور پھلوں کی فیئر پرائس شاپس اور یوٹیلیٹی سٹورز آف پاکستان کا ایک ایک سیل کاؤنٹر قائم کرنے کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام بیف ، مٹن اور مرغی کے گوشت سمیت ڈیری مصنوعات کنٹرول ریٹس پر دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر چودھری اخلاق نے کہاکہ انتظامیہ رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں اشیا خور و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے ، گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور مہم چلائی جائے ۔