بلڈنگ میٹریل مزید مہنگا،تعمیراتی کام رک گئے،ہزاروں مزدور بے روزگار ہونے کا خدشہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)بلڈنگ میٹریل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ سے تعمیراتی کام رک گئے ،جس کی و جہ سے ہزاروں مزدور بیروزگار ہو نیکا خدشہ بڑھ گیا ہے۔۔
عوام کو گھر بنانا اب مزید مہنگا پڑیگا ،بہت سے مکانوں کی تعمیر رک گئی ہے ، عام آدمی کیلئے گھر کی تعمیر مشکل ہو گئی ہے ۔ سیمنٹ بوری کی قیمت 950روپے سے بڑھ کر 1120 روپے تک پہنچ گئی ہے،اسی طرح ایک ہزار اینٹ 16000روپے ،سریا 255روپے کلو،بجری 150روپے مربع فٹ ،ریت 60روپے مربع فٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں عام آدمی کی مشکلات کو بھول چکی ہیں۔ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے لیکن کسی کو پروا نہیں ۔ تعمیراتی میٹریل کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھا ہوا ہے ۔ایک کمرہ بنانا بھی عام آدمی کیلئے مشکل ہو گیا ہے ۔دکانداروں نے خود ہی قیمتوں میں اضافہ کیا ہوا ہے ۔تعمیراتی کام رک جانے سے مزدور بھی بہت پریشان ہیں۔مزدوروں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ ہائو سنگ سیکٹر کو فروغ ملے ۔