وزیر آباد: ہسپتال میں عدم سہولیات ،معذور افراد کا احتجاج

وزیر آباد: ہسپتال میں عدم سہولیات ،معذور افراد کا احتجاج

وزیرآباد(نا مہ نگار)سول ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی اور معذورافرادکے کارڈ کے اندراج میں تاخیر پر معذور افراد نے احتجاج کیااوراعلی ٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیا۔

 دو ماہ سے معذور افراد سے متعلقہ میڈیکل بورڈ کی میٹنگ نہیں ہوئی اور معذورافرادکو روزانہ کی بنیادپر خوار کیا جارہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سول ہسپتال میں معذور افراد اور انکے لواحقین کو ذلیل وخوار کیا جانے لگا ،معذور افراد کے لواحقین نے بتایا کہ دو ماہ سے معذور افراد کے درجنوں فارم جمع ہونے کے باوجود میڈیکل بورڈ چیک نہیں کر رہا۔ ہسپتال انتظامیہ کی بے حسی کے باعث شناختی کارڈ اور دیگر سہولیات حاصل کرنا مشکل ہو چکا ہے ۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے معذور افراد کے لیے ہسپتال میں کوئی بنیادی سہولت دستیاب نہیں ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معذور افراد کے لیے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جارہا ہے اور جلد تمام افراد کو ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں