اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک دوست نہیں :مشاہد رضا

اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک دوست نہیں :مشاہد رضا

منڈی بہاؤ الدین (نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر چودھری مشاہد رضانے کہاہے کہ عمران خان اپنے انجام کوپہنچ چکاہے ۔۔۔

اسکی باقیات سے ادارے کڑاحساب لیں گے ،ملک کے قومی اداروں کونشانہ بنانے والے کسی صورت عوام اورملک دوست نہیں ہوسکتے ۔وہ یہاں نواحی گائوں لسوڑی میں پی ٹی آئی رہنمائوں اختر شیر میکن سابق کونسلر لسوڑی کلاں اورطاہر باقر میکن اور دیگر کارکنوں کی جانب سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ مشاہدرضا کا کہنا تھاکہ سیاسی جماعتوں سے لاکھ اختلاف ہو مگر ریاست سے اختلاف نہیں ہونا چاہیے ،ایک نام نہاد سیاسی جماعت 9 مئی کو ریاست پر چڑھ دوڑی اور غنڈوں سے قومی املاک کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ مشاہدرضانے کہاکہ نواز شریف کو نااہلی کی سزا سی پیک منصوبوں کی وجہ سے ملی تھی،فتنہ خان نے چار سال میں جس طرح سی پیک منصوبوں کو تباہ کیا قوم نے دیکھا اگر سی پیک پر کام جاری رہتا تو آج سی پیک مکمل ہوتا اور اربوں ڈالر کا ریونیو پاکستان کو مل رہا ہوتا ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے لاہورکے زمان پارک میں نوجوانوں کو ایک سال تک دہشتگردی کی تربیت دی ،عمران خان کے متعلق پہلے بھی کہا تھا کہ یہ عالمی ایجنٹ ہے وقت نے ثابت کردیا کہ وہ ملک سے مخلص نہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں