سیالکوٹ:سبلائم چوک فلائی اوور کے نیچے سپورٹس ارینا کا افتتاح

 سیالکوٹ:سبلائم چوک فلائی اوور کے نیچے سپورٹس ارینا کا افتتاح

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے سبلائم چوک فلائی اوور کے نیچے سپورٹس ارینا کا افتتاح کردیا۔۔

، اس موقع پرڈائریکٹر کیپٹل سپورٹس ڈاکٹر نعمان بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ راجہ یاسر، ایم او فنانس رانا ثقلین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل محسن علی ریاض، ڈی ایس او افتخار گوندل سمیت کثیر تعداد میں نوجوان کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پلوں کے نیچے خالی جگہ پر سپورٹس ارینا بنانے کا مقصد نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے اور معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھانا ہے ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں نے صرف ایک ماہ کی قلیل مد ت میں فلائی اوور کے نیچے شاندار سپورٹس ارینا تعمیر کیا ہے جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، گورنمنٹ کی جانب سے سپورٹس کی فیسیلیٹی بنا دی گئی ہے اور اب اس کی دیکھ بھال اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مقامی سپورٹس انڈسٹریز کے ساتھ معاہدہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ان کے گھروں کے قریب جہاں بھی جگہ دستیاب ہے اس طرح کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائے گا جس سے یوتھ کو سپورٹس کی جانب متوجہ ہوگی جس سے مقامی ٹیلنٹ کو اظہار کا موقع ملے گا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فٹبال، کراٹے ، والی بال، ہاکی اور ٹیبل ٹینس کی چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹر کیپٹل سپورٹس ڈاکٹر نعمان بٹ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس ارینا جیسے منفرد پراجیکٹ کی تکمیل سے شہر اقبال کے باسیوں کے دل موہ لئے ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں