سیال کی جانب سے ریسکیو1122 کو 2 فائر ٹینڈرز کا تحفہ

سیال کی جانب سے ریسکیو1122 کو 2 فائر ٹینڈرز کا تحفہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی جانب سے ریسکیو 1122کو 2ہیوی ڈیوٹی کریش ٹینڈر (فائر فائٹنگ ٹرکوں)کاتحفہ دیا گیا۔

 کشمیر روڈ پر 2کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل ریسکیو سٹیشن بھی تعمیر کیا جائیگا ، باہمی یادداشت پر دستخط ہوگئے ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو سروس پنجاب ڈاکٹر رضوان، سینئر پارلیمنٹیرین منشا اﷲ بٹ، چیئرمین سیال مسعود اختر خواجہ، وائس چیئرمین چودھری سرفراز بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز، ڈویژنل ریسکیو انچارج سید کمال عابد اور ڈی او ایمرجنسی سروسز نوید اقبال کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے فائر فائٹنگ ٹرک دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کے تعاون سے ریسکیو 1122کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ ڈی جی ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ ریسکیو1122 عوام کی خدمت کیلئے 24گھنٹے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیال کی جانب سے فائر ٹینڈڑز کی فراہمی اور ریسکیو سٹیشن کی تعمیر کا اعلان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اس ادارے پر عوام کو مکمل اعتماد ہے اور ایمرجنسی خدمات کے معیار میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ وطن عزیز کو مضبوط اور ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے ہمیں خلوص اور ایثار سے فرائض منصبی انجام دینے ہونگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں