90 پارکوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ خراب
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)بلدیاتی اداروں اور پی ایچ اے کی غفلت کے باعث گوجرانوالہ ڈویژن کے 90سے زیادہ پارکوں میں فلٹریشن پلانٹس خراب ،واک ٹریک اکھڑ چکی اور گرین بیلٹ بھی شدید متاثر ہوچکی۔۔۔
سیروتفریح کیلئے آنے والے مرد وخواتین پانی کی سہولت سے محروم ہوگئے جبکہ بیشتر پارکوں میں پینے کا پانی بھی غیر معیاری ہے ۔گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد اور نارووال کے اضلاع میں شہریوں کو معیاری تفریح کی فراہمی کیلئے قائم کئے گئے پارکوں کی تعداد 250 سے زیادہ ہے مگر شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی نہ ہوسکی۔جن پارکوں میں چند سال قبل فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے تھے ان مین سے 90 سے زیادہ اپنی معیاد پوری کر چکے ہیں۔ گوجرانوالہ شہر کے جن پارکوں کے فلٹریشن پلانٹس خرا ب پڑے ہیں ان میں لیاقت پارک ،ماڈل ٹاؤن پارک ،چلڈرن پارک ،رضائے مجتبیٰ ،علی پارک ،صدیق اکبر پارک ،عثمان غنی پارک ،غوثیہ پارک ،مسلم پارک اوردیگر شامل ہیں۔ شہریوں کے مطابق پارکوں میں فلٹریشن پلانٹس کی ٹونٹیاں غائب ہوچکی ہیں جن کی تنصیب کیلئے انتظامیہ نے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے ۔انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث پارکوں میں فلٹریشن پلانٹس خراب ہونے سے شہری پینے کے پانی سے محروم ہوگئے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے پارکوں میں فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کرائی جائے اور ان کی مناسب دیکھ بھال کیلئے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں ۔