اروپ پولیس کے اہلکار مبینہ بھتہ خوری میں ملوث ،ویڈیوبن گئی

اروپ پولیس کے اہلکار مبینہ بھتہ خوری میں ملوث ،ویڈیوبن گئی

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر) تھانہ اروپ پولیس کے اہلکار مبینہ طور پر بھتہ خوری میں ملوث نکلے ، دکاندارنے پیسے لینے آنیوالے پولیس اہلکار اور رضا کار کی ویڈیو بنالی ، دونوں منہ چھپاتے ہوئے سرکاری گاڑی پر فرار ہو گئے۔

 بتایا گیا ہے کہ تھانہ اروپ پولیس کا ڈرائیور کانسٹیبل عمران اور رضا کار سرکاری گاڑی پر علاقہ میں واقع آٹو شاپ پر پہنچے جہاں پر انہوں نے مبینہ طور پر بھتہ دینے کا مطالبہ کیا، اس دوران پریشان حال دکاندار نے انکی موبائل فون سے ویڈیو بنانی شروع کردی اور یہ سوال کرتا رہا کہ وہ کس چیز کے انہیں پیسے دے ،ملازمین منہ چھپانے لگے اور فوری طور پر گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہو گئے ،دکاندار کا الزام ہے کہ پولیس اہلکار ہر دوسرے دن آکر زبردستی پیسے مانگتے ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو ایک ماہ پرانی ہے ، تاہم ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد قائمقام سی پی او نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائن رضوان طارق کو معاملے کی انکوائری کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ،سی پی او کا مزید کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں