حافظ آباد :غفلت پر ڈسٹرکٹ ہسپتال کے 6 ملازموں کا تبادلہ
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا)صوبائی سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان نے حافظ آباد کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اورٹراماسنٹر میں مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
صوبائی سیکرٹری نے فرائض میں غفلت برتنے اور لاپروا ئی پر 6ملازمین کو ٹرانسفر کر دیا ۔ صوبائی سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر عمر فار و ق وڑائچ کے ہمراہ نئے تعمیر ہونے والے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی سائٹ کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ صوبائی سیکرٹری نے ٹراماسنٹر میں تعینا ت ایکسرے ٹیکنیشن نسرین اﷲ اور ایکسرے اسسٹنٹ محمد اقبال کو ٹرانسفر کر کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ۔ صوبائی سیکرٹری نے ڈی ایچ کیو ہسپتال سے وارڈ کلینر محمد ارشد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال ،رفت عبداﷲ لیڈی ہیلتھ وزٹر کو چکوال ، لیڈی ہیلتھ وزٹر ریحانہ کو ثر کو خوشاب اور سینٹری ورکر سلیمان کو بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال ٹرانسفر کر دیا۔