بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائون ، مزید 65 پکڑ ے گئے
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)کی جانب سے ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیوں کا سلسلہ جاری۔۔
،بجلی چوری میں ملوث سینکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع کر دئیے گئے ، کروڑوں روپے کے جرمانے اور گرفتاریاں بھی کی جا رہی ہیں ، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 65بجلی چور پکڑے گئے ، حالیہ کریک ڈاؤن میں پکڑے جانے والوں کی تعداد 1414ہو گئی۔ حکومت پاکستان کے بجلی چوروں کے اعلان جنگ کے بعد 7ستمبر سے اب تک گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد اور نارووال سمیت دیگر علاقوں میں 1414 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جنہیں 31لاکھ84ہزار سے زائد یونٹس کی مد میں 12کروڑ46لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ۔ گیپکو چیف محمد ایوب نے بتایا کہ ریجن بھر میں حالیہ کریک ڈاؤن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجہ میں سٹی سرکل میں 342، کینٹ سرکل میں 360، گجرات سرکل میں 141،سیالکوٹ سرکل میں 209، نارووال سرکل میں 169اور منڈی بہائوالدین میں 193 جبکہ ریجن بھر میں مجموعی طور پر1414کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 1324کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ 741افرادکو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے ۔