حافظ آباد پو لیس کم نفری کے باوجود چیلنجز سے نبردآزما

حافظ آباد پو لیس کم نفری کے باوجود چیلنجز سے نبردآزما

حافظ آباد(نامہ نگار )حافظ آباد پولیس انتہائی کم نفری اور محدود وسائل کے باوجود اعلیٰ کارکردگی دکھا رہی ہے تاہم عوامی امنگوں کی ترجمانی ،شہریوں کو تحفظ کی فراہمی اور جرائم کی بہتر بیخ کنی کیلئے پولیس نفری اور وسائل میں اضافہ کرنے کے حوالے سے مقامی ارکان اسمبلی، سیاسی قائدین اور رہنماؤں کی دلچسپی وکارکردگی پر واضح سوالیہ نشان ہے ۔

 تقریباً14لاکھ کی آبادی پر محیط ضلع میں کانسٹیبلوں کی کل تعداد941ہے جن میں 73لیڈیز اہلکار اور 84ڈرائیورز جبکہ 80کانسٹیبل ایلیٹ فورس میں بھجوا دئیے گئے ہیں، مزید یہ کہ پولیس افسر وں ، پولیس لائن میں جانے والے ، گاردوں پر متعین، بیماراور گن مین کی ڈیوٹی کرنے وعدالتوں میں تاریخوں پر جانے والوں کی تعداد بھی اچھی خاصی ہے ۔ ان سب کو جرائم کی بیخ کنی اور جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے والی نفری سے منہا کر دیا جائے تو باقی صرف300 کانسٹیبل بچتے ہیں جو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نبرد آزما ہور ہے ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ14لاکھ کی آبادی میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے پر انتہائی کم کانسٹیبل متعین ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں پولیس سے ورلڈ کلاس سطح کے نتائج کس طرح حاصل کئے جا سکتے ہیں اس کے باوجود حافظ آباد پولیس کی کارکر دگی بری نہیں۔نگران و زیر اعلیٰ وآئی جی پنجاب کو صورتحال کا سنجیدگی کے ساتھ نوٹس لے کر اصلاح کرنی چاہیے ،نفری بڑھا ئی جائے تاکہ شہریوں کا تحفظ ممکن ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں