سمبڑیال :ہسپتال میں سہولیات کا فقدان، مریض خوار

سمبڑیال :ہسپتال میں سہولیات کا فقدان، مریض خوار

سمبڑیال(سٹی رپورٹر)تحصیل ہسپتال سمبڑیال میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث سہولیات کا فقدان،مریض خوار ہونے لگے ۔

تحصیل ہسپتال سمبڑیال میں تحصیل بھر سے روزانہ سینکڑوں مریض علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر جاوید ساہی کا مریضوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ، ناقص حکمت عملی اور نااہلی کے باعث سول ہسپتال سمبڑیال میں سہولیات کا فقدان پیدا ہو گیا،ڈاکٹر وں کا اکثر اوقات ڈیوٹی سے غائب رہنا،الٹرا ساؤنڈ کیلئے لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کے بعد الٹر ساؤنڈ کرنے کے بجائے اگلے دن کا ٹائم دینااوراگلے دن دوبارہ الٹر ساؤنڈ ہونے کے بعد متعلقہ ڈاکٹر کا نہ ملنا ،مریضوں کو ہسپتال کے چکر لگوا لگوا کر ذلیل وخوار کرنا معمول بن گیا ہے ۔ ڈاکٹروں کے رویہ اورادویات کی عدم دستیابی کے با عث شہری پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کر انے پر مجبور ہوچکے ہیں ،سول ہسپتال کی صورتحال کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ۔شہریوں شکیل الرحمن، غضنفرعلی، طالب حسین ، محمد اکرم، رشیدہ بی بی،نمرہ بی بی، پروین بی بی ، آمنہ بی بی، رضیہ ودیگر کا کہناہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے طبی سہولیات کی فراہمی کے دعوے اوراحکامات سول ہسپتال سمبڑیال کی انتظامیہ نے ہوا میں اڑا د ئیے ہیں ،شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ،سیکرٹری صحت پنجاب علی جان، ڈی سی سیالکوٹ محمد ذوالقرنین سمیت اعلیٰ حکام سے تحصیل ہسپتال کی صورتحال پر فوری نوٹس لیتے ہوئے اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں