ڈسکہ :سینٹری ورکرز ڈیروں پر تعینات ،صفائی در ہم برہم

ڈسکہ :سینٹری ورکرز ڈیروں پر تعینات ،صفائی در ہم برہم

منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار)میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے سینٹری ورکر افسروں اور سیاستدانوں کے گھروں اور ڈیروں پر تعینات صفائی کا نظام درہم برہم ہونے سے شہر فلتھ ڈپو میں تبدیل ہوکر رہ گیا، جابجا کوڑے کے ڈھیر علاقہ کی پہچان بن گئے۔

میونسپل کمیٹی ڈسکہ میں 80 سے 85 سینٹری ورکر تعینات ہیں جو کاغذوں میں مختلف علاقوں میں فرضی ڈیوٹی کررہے ہیں مگر وہ ڈیوٹی سرانجام دینے کے بجائے افسروں اور سیاستدانوں کے گھروں اور ڈیروں پر کام پرلگے ہوئے ہیں اور ہرماہ ان کی تنخواہیں میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے اکاؤنٹ سے نکل رہی ہیں، سینٹری ورکروں کے افسروں اور سیاستدانوں کے گھروں اور ڈیروں پرکام کرنے کی وجہ سے علاقہ بھرمیں کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس سے سانس لینا بھی محال ہوکر رہ گیا ہے، اگر کوئی شہری میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں کو صفائی کے متعلق شکایت کرے تو اس کو یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے عملہ کی کمی ہے اس وجہ سے صفائی کا نظام درہم برہم ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں