حافظ آباد:سبزی منڈی کا سیوریج بند،پانی جمع
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب کے نعروں کی گونج سبزی منڈی تک نہ پہنچ سکی،ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی غفلت کے باعث سبزی منڈی میں صفائی نہ ہونے کے برابر، شہریوں اور دکانداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔۔۔
سیوریج کا نظام ناکارہ ہونے اور گندے پانی سے تعفن اُٹھنے کے باعث سبزی منڈی شہریوں میں بیماریاں بانٹ لگی۔ ڈپٹی کمشنراور دیگر افسر وں کے سبزی منڈی کے دورے تصویروں تک محدود ہو کر رہ گئے ۔ کولو روڈ پر قائم سبزی منڈی میں صفائی کی صورتحال ناگفتہ بہ ہونے کے باعث خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو صحت کے حوالے سے خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ پورے پنجاب میں صوبائی حکومت کی جانب سے ‘‘ستھرا پنجاب پروگرام’’ شروع کیا گیا ہے لیکن حافظ آبادکی سبزی منڈی میں گندگی اور غلاظت کے باعث د کاندار اور گاہک مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ۔ سبزی منڈی میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور سیوریج کا گندا پانی نہ صرف خریداروں بلکہ دکانداروں کی صحت کیلئے خطرات کا باعث بن رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی جو منڈی میں ہونے والی تجارت اور شیڈز کے کرایوں کی مد میں لاکھوں روپے اکٹھاکرتی ہے ،سبزی منڈی میں نظم و نسق برقرار رکھنے اور بالخصوص صفائی کا نظام بہتر رکھنے میں بری طرح ناکام ہے ۔ سبزی منڈی میں موجود گاہکوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے سبزی منڈی کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہوا ہے ۔ بارہا مرتبہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کو مطلع کرنے کے باوجود سیوریج سسٹم کو بہتر نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے گندا پانی منڈی میں جگہ جگہ کھڑا رہتا ہے جس سے ہر وقت تعفن پھوٹتا رہتا ہے ۔ دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ ڈپٹی کمشنر سبزی منڈی آتی ہیں لیکن داخلی راستے پر کھڑی ہو کر تصویریں بنوا کر واپس چلی جاتی ہیں، اس داخلی راستے میں صفائی کر دی جاتی ہے لیکن پوری منڈی میں کہیں بھی صفائی ستھرائی نظر نہیں آتی۔ مارکیٹ کمیٹی نے لاکھوں روپے کی لاگت سے واش رومز تعمیر کئے لیکن عدم توجہی کے باعث وہ آج تک فعال نہیں ہو سکے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی منڈی میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔