عید عبادت اور نیکی جاری رکھنے کا یوم تجدید:علما کرام

 عید عبادت اور نیکی جاری رکھنے کا یوم تجدید:علما کرام

وزیرآباد(نامہ نگار)عید الفطر کے اجتماعات ملت اسلامیہ کی باہمی اخوت، اتحادویگانگت کے مظاہرہ اور ماہ صیام میں کی گئی عبادت اور نیکی کو اپنی زندگی میں جاری رکھنے کا یوم تجدید ہے۔

ان خیالات کا اظہار شہر اور گردونواح میں نماز عیدالفطر کے مختلف اجتماعات سے علما کرام نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی عیدگاہ بھٹی کے میں سب سے بڑااجتماع ہوا پروفیسر ڈاکٹر آصف ہزاروی، پروفیسرحافظ عبد الستار حامد،پیر محمد عارف ہزاروی نے کہا کہ آج کادن ہمیں رضائے الٰہی اورمحبت رسول ؐ کی شاہراہ پرگامزن ہونے کادرس دیتا ہے ۔سید انظر شاہ،علامہ محمد ابراہیم محمدی،علامہ محمد حماد الدین صدیقی نے کہا کہ نمازعید سے قبل صدقہ فطراداکرناہر مسلمان پرلازم ہے جس کامقصداپنے کم مایہ بہن بھائیوں کوعید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے ۔مولانا عطا الرحمن،علامہ نعیم الرحمن ہزاروی،قاری محمد اشرف نے کہا کہ اسلا م مکمل ضابطہ حیات ہے جوانسان کودنیا وآخرت میں کامیابی کاراستہ دکھلاتا ہے ۔ حافظ عمر عمران،پروفیسر حافظ منیر احمد،سید احمد رضا نے کہا کہ مسلمان عیدالفطرکے موقع پرسجدہ بندگی اورشکربجالاتاہے کہ رب کریم کی توفیق سے ماہ صیام میں جی بھرکرتوشہ آخرت تیارکرلیا ہے ۔ عمران کیلانی،علامہ ظہیر ذیشان جعفری،حافظ محمد رفیق عابد علوی، عطا اللہ نیازی اوردیگرنے کہا کہ عید الفطرکادن امت مسلمہ کے لئے ایک مذہبی ملی اورپرمسرت تہوارہے جس میں مسلمانان عالم یکسوہوکراپنے رب کی عظمت وبڑائی بیان کرتے ہیں۔ دوسری طرف نمازعید کے اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے انتہائی ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں