لاکھوں طلبہ و طالبات درسی کتب سے محروم

لاکھوں  طلبہ و طالبات  درسی  کتب  سے  محروم

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے 18روز بعد بھی سرکاری سکولوں کے لاکھوں طلبہ و طالبات فری درسی کتب سے محروم ، 40فیصد طلبہ و طالبات پرانی کتابوں سے تعلیمی سلسلے کو آگے بڑھانے پر مجبور۔۔۔

بروقت کتابوں کی فراہمی نہ ہونے سے تعلیمی سال کے آغاز پر ہی بچوں کا تعلیمی نقصان ہونے لگا، سکولوں میں نئے داخل ہونیوالے بچے بھی درس کتب نہ ملنے سے مایوس ہونے لگے ۔ والدین نے پنجاب حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ ریجن کے 7 ہزار سے زائد سرکاری سکولوں میں یکم اپریل سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو چکا ہے تاہم پنجاب حکومت کی طرف سے تعلیمی سال شروع ہونے کے 18روز بعد اگلی کلاسز میں پروموٹ ہونیوالے اور نئے داخل ہونیوالے طلبہ و طالبات کو درسی کتب فراہم نہیں ہو سکیں ۔ ذرائع کے مطابق رواں سال درسی کتب کی اشاعت میں تاخیر کے باعث سکولوں میں بک بینک قائم کر کے بچوں سے پرانی کتابیں اکٹھی کی گئی تھیں ،پرائمری حصے کی 30 فیصد اور مڈل کی40فیصد تک جمع ہونیوالی کتابیں اگلی کلاسز میں پروموٹ ہونیوالے بچوں میں تقسیم کر دی گئی ہیں تاہم ریجن کے اضلاع گوجرانوالہ،سیالکوٹ ،منڈی بہائوالدین ، نارووال ،گجرات اور حافظ آباد کے لاکھوں بچے درسی کتب سے محروم ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں