ڈی پی او گجرات کی کھلی کچہری،شکایات کے انبار لگ گئے

ڈی پی او گجرات کی کھلی کچہری،شکایات کے انبار لگ گئے

جلالپورجٹاں(نامہ نگار )ڈی پی او گجرات مستنصر عطا باجوہ نے جلالپوجٹاں میں کھلی کچہری منعقد کی جس میں صدرسرکل کے تمام تھانہ جات سمیت تھانہ صدر گجرات کیخلاف شکایات کے انبار لگ گئے ۔۔۔

تھانہ کڑیا نوالہ کے ایس او کو رشوت کے الزام میں معطل کردیا گیا۔ تفصیل کیمطابق گزشتہ روز جلالپور جٹاں مارکی میں ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ کیجانب سے کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا۔ کھلی کچہری میں سائلین پولیس کارکردگی کے بارے پھٹ پڑے ۔ جلالپور جٹاں تھانہ صدر وسٹی سمیت تھانہ کڑیانوالہ اورٹانڈہ کے علاوہ تھانہ صدر گجرات کے بارے سائلین نے پولیس کی غیر تسلی بخش کارکردگی کی شکایات پیش کیں، جلالپور جٹاں کے دونوں تھانوں کے ایس ایچ اوز کے بارے سائلین کی شکایات تھیں کہ سٹریٹ کرائمز میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے ۔ امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہ ہے ۔ مرکزی انجمن تاجران کے بانی و سابق صدر ملک امتیاز احمد نے شکایت کی کہ انکی دکان میں لاکھوں کی چوری کو ایک ماہ گزر جانے کے باوجود انہیں ایس ایچ او شفقت بٹ کی جانب سے کسی قسم کا تعاون نہ حاصل ہو سکا۔ اسی طرح تھا نہ کڑیانوالہ کے قیصر ندیم نے ایس ایچ او عدنان تارڑ کے بارے سنگین الزامات لگائے سائل کا کہنا تھاکہ وہ حلفاً بیان کر رہا ہے کہ ایک معمولی کیس میں اسکے بیٹے کو حوالات میں بند کر کے مبینہ طور پر ایک لاکھ کی رقم ایس ایچ او نے وصول کی ۔ ڈی پی او نے عدنان تارڑ کو رشوت کے الزام میں سات یوم کیلئے معطل کر دیا اور ڈی ایس پی ملک عدنان کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا اور سائل یقین دلایا کہ اگر الزام درست ہوا تو ایس ایچ او کو نوکری سے فارغ کر دیا جائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں