کامونکے :میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی،جگہ جگہ گندگی

کامونکے :میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی،جگہ جگہ گندگی

کامونکی(تحصیل رپورٹر )میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی کی وجہ سے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے جبکہ سیوریج سسٹم جانوروں کی آلائشوں کی وجہ سے بند ہونے سے سروس روڈ،فیصل ٹاؤن،پُرانی آبادی،ٹبہ محمد نگر کی سڑکیں جوہڑ بن گئیں۔

یہاں پر میونسپل کمیٹی کی چیف آفیسر صوفیہ عاشق کی غفلت و عدم دلچسپی کے باعث جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف،ریلوے روڈ کے دونوں اطراف،انڈر پاسز،پُرانی آبادی،محمد پورہ،سلامت پورہ،کسوکی روڈ،ہڑڑ روڈ،تھانہ روڈ،خان ٹاؤن،فیصل ٹاؤن،بلال پارک،ورک ٹاؤن،ٹبہ محمد نگر،مین بازار سمیت پورے شہر کے گلی محلوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں جس سے شہری ہیپاٹائٹس،،جلد،سانس اور دیگر موذی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ گزشتہ سات روز سے قربانی کے جانوروں کی الائشیں پھنس جانے سے سیوریج سسٹم بند ہے جس سے سروس روڈ مکمل طور پر گندے پانی سے بھرا ہے جس سے ٹریفک کا گزرنا ممکن نہیں رہا اور بدبو سے قریبی دُکانداروں کا سانس لینا دشوار اور کاروبار شدید متاثر ہوچکا ہے ۔اسکے علاوہ فیصل ٹاؤن،پُرانی آبادی اور ٹبہ محمد نگر کی سڑکیں بھی جوہڑ کی شکل اختیار کرچکی ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کی سی اوکی جانب سے سنجیدگی سے سیوریج سسٹم کھلوانے کے انتظامات نہیں کئے جارہے ۔اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیوریج سسٹم کھولنے میں مزید تین سے چار روز لگ جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں