لوگ بلوں کی ادائیگی کیلئے گھریلو اشیا بیچ رہے :عمر ڈار

لوگ بلوں کی ادائیگی کیلئے گھریلو اشیا بیچ رہے :عمر ڈار

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ڈار نے کہا ہے کہ فارم 47کے ذریعے جو دھاندلی کی گئی اس کا شور دنیا بھر میں ہے۔

قوم کے شعور کو سلام ہے جس نے 47فارم کے ذریعے آنیوالے چہروں کو پہچان لیا ، اب ان کا سیاست میں نام و نشان تک نہیں ہوگا یہی وجہ ہے کہ ن سے ش نکل گئی ہے اور اب ش سے مزید جماعتیں بننے جارہی ہیں،مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں،لوگ بجلی کے بلوں کی ادائیگیوں کیلئے گھروں کی اشیا فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینڈیٹ کی چوری و بانی پی ٹی آ ئی کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری میاں اعجاز جاوید، انصاف لائرزفورم کے ضلعی صدر مجسم زرخیز انور خان، سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر کے علاوہ کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ عمر ڈار نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں حکومت نے اضافی ٹیکس لگا کر عوام کو زندہ در گو کردیا ، موجودہ حکومت تجربہ کاروں کی ہے جس نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے ،200یونٹ استعمال کرنیوالے غریب کا بل 12ہزارسے تجاوز کرگیا ہے حکومت عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے ، غیور عوام جانتے ہیں کہ عمران خان ہی پاکستان کو معاشی دلدل سے نکال سکتے ہیں، تحریک انصاف بانی چیئرمین کی رہائی تک احتجاج جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں