حافظ آباد ہسپتال میں ادویات کی وافر مقدار رکھنے کی ہدایت

حافظ آباد(نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سندس ارشاد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹراماسنٹر کا دورہ کیا ۔
جہاں انہوں نے مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات ، صفائی ستھرائی ، ادویات کی فراہمی، ضروری مرمت اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر میوزیم،گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول قلعہ رام کور کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹراماسنٹر کے دورہ کے موقع پر جنرل ایمر جنسی، چلڈرن وارڈ، سرجری وارڈ، میڈیکل وارڈ، نرسری وارڈاور دیگر شعبوں کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی اور بہتر طبی سہولیات کی دستیابی بارے فیڈ بیک بھی لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ مریضوں کے تمام وارڈز میں ایئر کنڈیشن مکمل طور پر چلنے چاہئیں اور مریضوں کو ادویات کے حصول میں کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹراماسنٹر میں جاری ضروری تعمیر و مرمت کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سا گر روڈ پر بننے والے حافظ آبا دکے پہلے میوزیم کے منصوبے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس مو قع پر محکمہ بلڈنگز کے افسران نے انہیں میوزیم کے زیر تعمیر منصوبے بارے بریفنگ بھی دی ۔بعدا زاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹر ی سکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول قلعہ رام کور کے سربراہان کو ہدایت کی کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سکولوں کی ضروری مرمت ،رنگ و روغن اور دیگر کاموں کو جلد مکمل کیا جائے ۔