فلور ملز پر ٹیکس سے روٹی مہنگی ہو گی:انجمن تاجران گجرات
گجرات (نامہ نگار + سٹی رپورٹر)جاوید بٹ صدر مرکزی انجمن تاجران گجرات نے ٹیکس ہاؤس سیالکوٹ سے آل پاکستان انجمن تاجران اور ایف بی آر کی مشترکہ ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
تاجر دوست سکیم کے ذریعے نئے ٹیکس گزاروں کو رجسٹرڈ کرنے پرفوکس کیا جائے ۔ رجسٹریشن فیس 1200 روپے ہی ہونی چاہئے ۔ آسان رجسٹریشن سے فائلر لاکھوں کی تعداد میں رجسٹرڈ ہوں گے ۔ میری آپ سے اور ایف بی آر والوں سے اپیل ہے کہ فلور ملز پر ٹیکس نہ لگایا جائے ۔ فلور ملز پر ٹیکس سے روٹی مہنگی ہو گی اور غریب آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ فلور ملز پر ٹیکس واپس لیا جائے ۔POS کی جائے ٹرن اوورپر ٹیکس لگایا جائے تو تاجر کے اخراجات کم ہوتے ہیں۔POSلگوانے سے اُس کا ماہانہ اخراجات میں ایک لاکھ اضافہ ہو جاتا ہے ۔ اسی طرح جب تاجر ود ہولڈنگ اکٹھا کر کے حکومت کو دیتا ہے تو اُس کو بھی ملازم زیادہ رکھنے پڑتے ہیں جس سے تاجر کے اخراجات زیادہ ہو جاتے ہیں۔ ٹیکس دینے سے نظام چلتا ہے ، ملک چلتا ہے جس میں آپ کامیاب ہیں لیکن جو بندہ 45 سال ، 40 سال، 35 سال سے ملک کو ٹیکس دے رہا ہے حکومت اس کے لئے مراعات کا اعلان کرے ، اُس کا میڈیکل فری کر دیا جائے ۔ ویڈیو لنک کے دوران ایڈیشنل کمشنر عمران شمسی سیالکوٹ، فاروق انور ایڈیشنل کمشنر، اسماعیل دانش ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹرز، سلیم اﷲ اسسٹنٹ کمشنر ، عباس قاسم نیٹ ورک ایڈمن موجود تھے ۔