کلاس نہم کے نتائج کامیابی کا تناسب47.38فیصد رہا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)کمشنر /چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام کلاس نہم کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔
پروفیسر محمد نعیم بٹ کنٹرولر امتحانات اور چوہدری شہزاد احمدسیکرٹری بورڈ نے کانفرنس روم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ اس امتحان میں مجموعی طور پر 256818اُمیدواران شامل ہوئے جن میں سے 121673کامیاب قرار پائے اس طرح اُن کی شرح تناسب47.38فیصد رہی۔ نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کی تیاری تک متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا ہے ۔ امتحانی نظام میں غیر جانبداری اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ داخلہ فارموں کی وصولی، رول نمبر اور سنٹرز الاٹمنٹ آٹومیشن سسٹم کے ذریعے کی گئی۔ ادارہ جات کی جانب سے بھجوائی گئی امیدواران کی ترتیب کو ختم کیا گیا اور ایک زون کے اندر جملہ ادارہ جات کے امیدواران کو اس زون میں قائم کردہ امتحانی مراکز میں یکساں تقسیم کر کے بٹھایا گیا۔ امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کیلئے مستعد افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔دورانِ امتحان بورڈ کو جو بھی شکایت ملی اُس کا فوری طور پر ازالہ کیا گیا۔ چیئرمین نے مزید بتایا کہ مارکنگ کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا گیا تاکہ طلباء و طالبات کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔