شہدا ہیروز ، فراموش نہیں کیا جا سکتا :کرنل راشد خان

شہدا ہیروز ، فراموش نہیں کیا جا سکتا :کرنل راشد خان

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا)پاکستان کے 77ویں جشن آزادی کے موقع پر کرنل راشد علی خا ن اور میجر باقر حسین کی جوانوں کے ساتھ حافظ آباد کے نواحی دیہات لویرے اور ڈیرہ حمیدپورہ میں حوالدار محمد مبین شہید اور نائب صوبیدار صدیق شہید کے مزارات پر حاضری،چا ق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب رانا ارشد انجم، سینئر صحافی چودھری امتیاز احمد تاج اور معزز شخصیات بھی موجودتھیں۔کرنل راشد علی خان نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، بقا اور حرمت کی پاسبانی کیلئے دشمن سے مقابلہ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوت وطن عزیز کی تاریخ کے روشن باب اور قومی ہیرو ہیں اور انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی پاکستان کی بقا ، استحکام اور یکجہتی کی ضمانت ہے جو اپنے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرتی ،شہدا کی قبور قوم کیلئے حب الوطنی کے حوالے سے روشن میناروں کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پاک آرمی دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے اور قوم کا مسلح افواج پر اعتماد غیر متزلزل ہے ، وطن عزیز میں پاک آرمی کے خلاف ہونے والی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں