زیادتی کا شکار سکول طالبات کے عدالت میں بیانات ریکارڈ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )سرکاری سکول میں 5طالبات سے زیادتی کا واقعہ، متاثرہ طالبات نے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اویس کی عدالت میں سیکشن 164کے بیانات ریکارڈ کرا دئیے ۔
پانچوں طالبات نے عدالت میں ہتھکڑی میں جکڑے ملزم عمران کی طرف انگلی کا اشارہ کر کے مجسٹریٹ کو سارا واقعہ بتایا،ملزم عمران نے زیادتی کا شکار طالبات کے بیانات پر جرح کرنے سے انکار کر دیا ۔ تھانہ صدر پولیس کے تفتیشی آفیسر نے گورنمنٹ نان فارمل ایجوکیشن سکول ٹھیری سانسی کی سکول ٹیچر ساجدہ کے شوہر ملزم عمران کی زیادتی کا نشانہ بننے والی کمسن طالبات کو لیڈیز پولیس کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے پانچوں طالبات کے بیان زیر دفعہ 164 ض ف ریکارڈ کرنے کی درخواست دی ۔ مجسٹریٹ نے بیانات ریکارڈ کرنے سے قبل کمرہ عدالت سائلوں سے خالی کروایا ۔ بند کمرہ عدالت میں ملزم کی موجودگی میں بیانات ریکارڈ کراتے ہوئے متاثرہ طالبات نے ملزم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے متعدد بار انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ انکے ساتھ دیگر لڑکیوں سے بھی ملزم نے زیادتی کی، ملزم ویڈیو بناتا اور دھمکیاں دیتا تھا کہ کسی کو بتانے کی صورت میں ویڈیوز وائرل کر دے گا، طالبات کا کہنا تھا کہ سکول کے اوپر والی منزل پر ٹیچر ساجدہ کی رہائش ہے اور عمران اسکا شوہر ہے سکول کے اوپر والے فلور پر ہی ہمیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ، عدالت میں متاثرہ بچیوں کے بیانات پر ملزم کو جرح کا موقع دیا گیا،تاہم ملزم نے بیانات پر جرح کرنے سے انکار کر دیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے بچیوں کے بیانات سرکاری لیپ ٹاپ پر خود ریکارڈ کئے جس کی تصدیق شدہ کاپی تفتیشی آفیسر کو دیکر اصل بیانات مجسٹریٹ نے اپنی موجودگی میں سربمہر لفافے میں پیک کرائے اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوا دئیے ۔