علی پورچٹھہ:شہر کی نئی آبادی تالاب میں تبدیل
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )بارشی پانی نے شہر کی نئی آبادی کو تالاب میں تبدیل کردیا، ناقص سیوریج سسٹم نے بلدیہ حکام کے دعوئوں کی قلعی کھول دی، 15سال پہلے نکاسی آب کے سیم نالہ کو ختم کردیا گیا ،علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے ۔
علی پور چٹھہ بائی پاس روڈ سے ملحقہ مضافاتی علاقوں اور کھیتوں میں بارشی پانی کے اوورفلو کو بائی پاس آبادی کی جانب کھول دیا گیا جس سے گوجرانوالہ روڈ نزد شیل پٹرول پمپ کے پیچھے آبادی پانی میں ڈوب گئی ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بچوں کوسکول لے جانے کے لیے دریا عبور کرنا پڑتا ہے ،بعض رہائشی اپنے بچوں کے ساتھ نقل مکانی کرکے عزیزوں کے گھروں میں چلے گئے ہیں جبکہ معمر افراد اور مال مویشی محصور ہوکر رہ گئے ہیں ،دھوپ اور گرمی سے پانی سے بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے جو شہریوں کوپیٹ معدہ کی موذی امراض میں مبتلا کررہا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 15سال پہلے مضافاتی علاقوں سے ہوتا ہوا سیم نالہ یہاں سے گزر کر ریلوے لا ئن سیم نالہ میں گرتا تھا جو بارشی پانی کے نکاسی آب کا بہترین حل تھا جبکہ محکمہ اور اسوقت کے ارباب اختیار کی عدم دلچسپی سے لینڈ مافیا نے مذکورہ سیم نالہ کے آثار ہی ختم کردئیے ہیں۔متاثرین نے احتجاج کرتے ہو ئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ حل کرکے آ بادی کو ڈوبنے سے بچایا جائے ۔