100 سال پرانے سٹی ریلوے سٹیشن کی عمارت کھنڈر میں تبدیل ، ملبے سے لوہا چوری
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر) تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل 100 سال پرانے سٹی ریلوے سٹیشن کی عمارت کھنڈر میں تبدیل ہو گئی ،عمارت کے ملبہ سے سریا بھی چوری ہو چکا ہے۔۔۔
سٹی سٹیشن کے ساتھ ملحقہ اراضی پر قائم گرین بیلٹ پر پارکنگ سٹینڈ اور تجاوازت قائم ہو چکی ہیں۔8سال قبل سٹی ریلوے سٹیشن کو مسمار کر کے اس جگہ پر مالیاتی ادارے بنانے کا کام شروع ہوا ۔سٹی سٹیشن کی عمارت کو مسمار کرنے کے بعد کنٹرول روم ختم کر دیا گیا لیکن کچھ عرصہ بعد اس جگہ پرہر طر ح کا تعمیراتی کام روک دیا گیا۔دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ملبہ سے سریا چوری ہو رہا ہے ۔ بڑے بڑے لوہے کے گا رڈر بھی چوری ہو رہے ہیں جو لاکھوں روپے مالیت کے ہیں ، سکیورٹی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں نے اس جگہ سے گزرنا چھوڑ دیا ہے ،نشئیوں نے اس جگہ کو آماجگاہ بنا لیا ہے ۔ سٹی سٹیشن کی جگہ پر پارکنگ سٹینڈ قائم ہو چکے ہیں جبکہ بعض نے تو تجاوزات قائم کر کے کپڑوں ،جوتوں کی دکانیں بنا رکھی ہیں۔ شہریوں نے کہا سٹی ریلوے سٹیشن تاریخی عمارت ہے اس کو بحال کیا جائے یا پھر کوئی تفریحی مقام بنا دیا جائے ۔