بھاری جرمانے ،انجمن تاجران پسرور کا ایم سی کیخلاف احتجاج
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) انجمن تاجران پسرور کا بھاری جرمانے کرنے پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پسرور کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، انجمن تاجرن پسرور کے زیراہتمام شہر کے تاجروں اور ۔۔۔
دکانداروں نے معمولی وجوہات پر بھاری جرمانے کرنے پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر ایک تاجر رہنما نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ بھاری ٹیکسز، بجلی کے ہوش اڑا دینے والے بلز، دکانوں کے کرائے دینے پر مجبور ہیں اور پھر لوگوں کی قوت خرید کم ہونے کی وجہ سے کاروبار مندے کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے اپنے اپنے گھر کا نظام چلانا مشکل ہو گیا ہے جبکہ چیف آفیسر بلدیہ یا کوئی مجسٹریٹ ہمیں معمولی باتوں پر نہ صرف 25،25 ہزار روپے جرمانے کر دیتے ہیں بلکہ ہم پر ایف آئی آرز کٹوا دی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی او کی بدمعاشی کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے ۔ دریں اثنا ممبر قومی اسمبلی علی زاہد خان اور ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد فیاض کی ہدایت پر اے سی پسرور قمر محمود منج، ڈی ایس پی سرفراز رانجھا اور کوآرڈینیٹر ٹو ایم این اے ملک احمد علی نے فریقین میں راضی نامہ کروانے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔